بھٹکل 8 / اکتوبر (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ مرڈیشور میں 13 سال قبل پیش آئی قتل کی ایک واردات میں جرم ثابت ہونے پر پرنسپال ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنس کورٹ کاروار نے دونوں ملزمین کو قید بامشقت کی سزا سنائی ہے ۔
مرڈیشور کے سونار کیری میں ناریل چوری کرنے کے معاملے پر ہونے والی مارپیٹ کے بعد قتل کی یہ واردات 10 جون 2009 کو پیش آئی تھی ۔ شنیار نائک نامی ایک شخص نے اپنے باغ سے ناریل چوری ہونے کے سلسلے میں ملزمین میں سے دو افراد سے پوچھ تاچھ کی تھی ۔ اس سے ناراض ہو کر ملزمین نے دوسرے کچھ لوگوں کے ساتھ شنیار نائک پر حملہ کیا تھا اور اسے موت کے گھاٹ اتارا گیا تھا ۔ بیچ بچاو کرنے والی شنیار نائک کی بیوی پر حملہ کرکے اسے زخمی کیا گیا تھا ۔
مرڈیشور پولیس تھانے میں شکایت درج ہونے کے بعد اس معاملے کی تحقیقات کرتے ہوئے واردات میں ملوث 10 ملزمین کو گرفتار کیا تھا ۔
گزشتہ 13 سال یہ معاملہ سیشنس عدالت میں زیر سماعت رہا اور اب ان میں سے ملزم نمبر 1 ایشور ناگپّا نائک کو آئی پی سی کی دفعہ 304 (2) کے تحت 7 سال قید بامشقت اور 3 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی ہے ۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید 1 سال قید کی سزا بھگتنی ہوگی ۔ جبکہ ملزم نمبر 2 کو آئی پی سی کی دفعہ 304 (2) کے تحت 5 سال قید بامشقت اور 2 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی ہے ۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید 1 سال قید کی سزا بھگتنی ہوگی ۔
اس کے علاوہ آئی پی سی کی دفعہ 379 کے تحت دونوں ملزمین کو 1 سال قید بامشقت اور آئی پی سی کی دفعہ 447 کے تحت دونوں ملزمین کو فی کس 1 مہینے کی قید، آئی پی سی کی دفعہ 504 کے تحت دونوں ملزمین کو 6 مہینے کی قید کی سزا سنائی گئی ہے ۔
استغاثہ کے لئے عدالت میں سرکاری وکیل تنوجا بی ہوسپٹنا نے پیروی کی ۔